امریکا کا یوکرین کو روس کیخلاف کارآمد جنگی معلومات فراہم کرنے پر غور
واشنگٹن: مغربی حکام اور میڈیا کا دعویٰ ہے کہ روس یوکرین پر چڑھائی کرنے کی تیاری کررہا ہے جبکہ روس نے ان دعوؤں کو پروپیگنڈا قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ روس نیٹو کی طرح نہیں ہے۔
نیویارک ٹائمز نے بائیڈن انتظامیہ کے حوالے سے بتایا کہ پینٹاگون یوکرین کو روسی چڑھائی پر فوری ردِعمل دینے کے حوالے سے جنگی معلومات فراہم کرنے پر غور کررہا ہے۔ تاہم یہ معلومات یوکرین کو حملے میں پہل کرنے کا اہل بھی بنا سکتی ہے۔
معاملے سے واقف ایک عہدیدار کا کہنا تھا کہ امریکا یوکرین کو مبینہ روسی حملے کی تیاری سے بھی پہلے ڈیٹا فراہم کرتا آرہا ہے۔ دوسری جانب وزارت دفاع کی سابق ڈپٹی اسسٹنٹ سیکریٹری ایولین فرکاس نے کہا کہ ہم انہیں ڈیٹا فراہم کرتے ہیں تاکہ وہ روس کو نشانہ بنا سکیں۔
ذرائع نے بتایا کہ امریکا نے یوکرین کو افغانستان سے ہیلی کاپٹرز اور دیگر ساز و سامان معہ جنگی سائبر ٹیکنالوجی کے ماہرین مہیا کرنے کی بھی پیشکش کی ہے۔