فلسطینی صدر محمود عباس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ امن صرف ایک فلسطینی ریاست کے قیام کے بعد قائم ہوگا۔
ترجمان نے کہا ہے کہ آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کے بغیر خطے میں سلامتی و استحکام نہیں ہوسکتا، اسرائیل کی جارحانہ پالیسیوں کے باعث پورا خطہ آتش فشاں پھٹنے کے دہانے پر ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ اسرائیلی وزیراعظم نے حالیہ تقریر میں فلسطینی ریاست کے قیام کی مخالفت کی تھی۔
دوسری جانب غزہ پٹی میں شمالی اور وسطی حصے میں اسرائیلی بمباری کے باعث 40 سے زائد فلسطینی شہید ہوگئے۔
عرب میڈیا کے مطابق دیر البلاح میں 29، شمالی غزہ میں 12 اور غزہ شہر میں 3 فلسطینی شہید ہوئے۔
عرب میڈیا کے مطابق مغربی کنارے میں بھی اسرائیلی فوج کی کارروائیاں جاری ہیں۔ مشرقی مقبوضہ بیت المقدس، نابلس،طولکرم، رام اللہ اور الخلیل کے علاقوں میں چھاپے مارے گئے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق طولکرم کیمپ میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے شہید فلسطینیوں کی تعداد 8 ہوگئی ہے۔