برٹش کولمبیا: کینیڈا کے ایک چھوٹے شہر سینٹ لوئی میں چند روز قبل ایک عجیب واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایک آسمانی پتھر(شہابی ٹکڑا) ان کے گھر کی چھت توڑتے ہوئے ان کے بستر پر آگرا اور تکیے میں دھنس گیا۔ اس واقعے میں خاتون کا سر بال بال بچ گیا ورنہ ان کی موت یقینی تھی۔ چار اکتوبر کو علاقے میں کئی لوگوں نے ایک روشن گولے کو زمین پر آتے دیکھا اور اس وقت سینٹ لوئی جھیل میں موجود کچھ لوگوں نے اس کا زمین پر آتے ہوئے مشاہدہ بھی کیا تھا۔ یہ پتھر لونگ ٹائم گولڈن کےعلاقے میں رہنے والی خاتون کے گھر پر جاگرا۔رتھ ہیملٹن نامی خاتون چھت ٹوٹنے کی زوردار آواز سے بیدار ہوئیں اور انہیں اپنے چہرے پر گھر کی مٹی اور ملبہ محسوس ہوا۔
گہری نیند سے بیدار ہونے کے بعد جب ان کے اوسان بحال ہوئے تو وہ بستر سے کود کر باہر نکلیں اور لائٹ چلائی۔ خاصی دیر تک انہیں سمجھ ہی نہیں آیا کہ اصل ماجرا کیا ہے۔یکایک ان کی نظر اپنے بستر کے تکئے پر پڑی جہاں ایک آلو نما پتھر رکھا تھا۔ اس کے بعد رُتھ نے پولیس کو مدد کے لیے پکارا اور وہ کہنے لگیں کہ پہلے انہیں سمجھ ہی نہیں آیا کہ آخر ماجرہ کیا ہے۔ پولیس نے بعد میں کہا کہ یہ آسمانی پتھر ہے جو چھت کو توڑتے ہوئے گھر میں آگرا ہے۔اس واقعے میں خاتون بالکل محفوظ رہیں اور انہوں نے شہابی ٹکڑے کو اپنے گھر میں سجاکر رکھ دیا ہے۔ رُتھ کےمطابق شاید یہ پتھر اربوں سال قدیم ہو جسے ان کے نواسے نواسیاں بڑے شوق سے دیکھیں گے۔ ان کے گھر کا انشورنس ہوا تھا۔ جب انشورنس کا عملہ نقصان کا اندازہ کرنے ان کے گھر آیا تو اعتراف کیا کہ ایسا واقعہ انہوں نے کبھی نہیں دیکھا تھا۔