asian-development-bank

ایشیائی ترقیاتی بینک کا پاکستان کو رواں سال 2 ارب ڈالر فراہم کرنے کا اشارہ

eAwazآس پاس, پاکستان

زرمبادلہ کے تیزی سے کم ہوتے ذخائر اور روپے کی قدر میں گراوٹ کے پیش نظر ادائیگیوں کے توازن کو سہارا دینے کے لیے بیرونی بہاؤ کو محفوظ بنانے کے لیے کوشاں حکومت کو ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے رواں سال دسمبر سے قبل پاکستان کے لیے 2 ارب ڈالر تک کے اضافی فنڈز جاری کرنے کا اشارہ دیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق یہ یقین دہانی وزیر مملکت برائے خزانہ ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا اور اے ڈی بی کے کنٹری ڈائریکٹر یونگ یی اور ان کی متعلقہ ٹیموں کی اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات میں کروائی گئی۔

ملاقات میں پاکستان کے لیے اضافی فنڈنگ کے طریقہ کار بشمول اے ڈی بی کے قرض پروگرام اور کاؤنٹر سائکلیکل سپورٹ فیسیلٹی (سی ایس ایف) پر تبادلہ خیال کیا گیا جو کہ غیریقینی عالمی قیمتوں کے پیش نظر تیل کی درآمدات کی مالی اعانت کے لیے ایک نسبتاً نیا طریقہ کار ہے۔
ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا کو اے ڈی بی کے مجموعی پورٹ فولیو اور ملکی حکمت عملی کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے یونگ یی نے کہا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک، سرکاری اداروں (ایس او ایز) کے گورننس اور ریگولیشنز، خواتین کی شمولیت والے مالیاتی شعبوں کی ترقی اور پی پی پی فریم ورک کے اصلاحاتی ایجنڈے کے لیے تعاون فراہم کرنے کا خواہشمند ہے۔

مزید برآں ایک سرکاری بیان میں کہا گیا کہ اے ڈی بی نے آئندہ مالی سال کے لیے 2 ارب 50 کروڑ ڈالر کی اضافی امداد کا اشارہ دیا، جس میں سے ڈیڑھ سے 2 ارب رواں سال میں دستیاب ہوسکتے ہیں۔

ایک سرکاری عہدیدار نے بتایا کہ یہ فنڈز، 5 سالہ کنٹری پارٹنرشپ سٹریٹیجی (سی پی ایس 25-2021)کے تحت فنڈز کے جاری سلسلے کا اضافی حصہ ہوں گے جس کے تحت منیلا میں قائم قرض فراہم کرنے والی ایجنسی نے منصوبے کی تیاری، اصلاحات کے نفاذ کی حکمت عملی اور متعلقہ ایجنسیوں کی شرائط کو پورا کرنے اور قرض کی منظوریوں پر کارروائی کرنے کی صلاحیت کے مطابق 10 ارب ڈالر تک کی فنانسنگ کا وعدہ کیا تھا۔
نیوز سورس ڈان نیوز