باجوڑ دھماکہ: جاں بحق افراد کی تعداد 46 ہو گئی، 90 سے زائد افراد زخمی

eAwazآس پاس

باجوڑ دھماکے کے مزید تین زخمی دم توڑ گئے جس کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد 46 ہو گئی۔

ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر (ڈی ایچ او) ڈاکٹر فیصل کا کہنا ہے کہ باجوڑ دھماکے میں 90 سے زائد زخمی افراد مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 38 میتیں شناخت کے بعد ورثاء اپنے ساتھ لے گئے ہیں جبکہ 8 لاشیں ناقابل شناخت ہونے کے باعث اسپتال میں رکھی ہیں۔

ڈاکٹر فیصل کا کہنا ہے کہ باجوڑ دھماکے میں جاں بحق افراد میں 5 بچے بھی شامل ہیں، دھماکے میں جاں بحق افراد میں زیادہ تعداد نوجوانوں کی تھی۔

دوسری جانب ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) نذیر خان کا کہنا ہے کہ تین مشکوک افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔

باجوڑ دھماکے کی ایف آئی آر نامعلوم حملہ آور کے خلاف تھانہ سی ٹی ڈی باجوڑ میں درج کر لی گئی۔

ایف آئی آر اسٹیشن ہاؤس افسر (ایس ایچ او) خار نیاز محمد کی مدعیت میں درج کی گئی ہے۔

ایف آئی آر میں دہشت گردی، قتل، اقدام قتل اور دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں۔