برطانوی وزیراعظم رشی سونک کی جانب سے ملک میں سگریٹ پر پابندی لگائے جانے کا امکان ہے۔
برطانوی اخبار کے مطابق وزیراعظم رشی سونک ایسے اقدامات متعارف کرانے پر غور کر رہے ہیں جن سے اگلی نسل پر سگریٹ خریدنے پر پابندی لگ جائے گی۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم انسداد تمباکو نوشی کے اقدامات پر غور کر رہے ہیں جیسا کہ نیوزی لینڈ نے گزشتہ سال اعلان کیا تھا جس کے مطابق 1 جنوری 2009 کو یا اس کے بعد پیدا ہونے والے ہر فرد کو تمباکو فروخت کرنے پر پابندی ہے۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق اس سے متعلق زیرِ غور پالیسیاں اگلے سال کے متوقع انتخابات سے قبل صارفین پر مرکوز ایک نئی مہم کا حصہ ہیں۔
برطانوی حکومت کے ترجمان نے اس معاملے پر کہا ہے کہ ہم زیادہ سے زیادہ لوگوں کی حوصلہ افزائی کرنا چاہتے ہیں کہ وہ سگریٹ نوشی چھوڑ دیں اور 2030 تک سگریٹ نوشی سے پاک رہنے کے ہمارے عزائم کو پورا کریں۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ یہی وجہ ہے کہ ہم نے سگریٹ نوشی کی شرح کو کم کرنے کے لیے پہلے بھی اقدامات کیے ہیں۔