تائیوان میں 7 اعشاریہ 2 شدت زلزلے کے بعد کئی عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن گئیں جبکہ شدید زلزلے کے بعد جاپان اور تائیوان میں سونامی الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔
تائیوانی حکام کا کہنا ہے کہ زلزلے سے بعض عمارتیں گر گئی ہیں اور جانی نقصان کا خدشہ ہے۔
7 اعشاریہ 2 شدت کا زلزلہ تائیوان کے مشرقی ساحل کے قریب آیا جس کے بعد کئی آفٹر شاکس آئے جن کی شدت 5 ریکارڈ کی گئی۔
زلزلے کے نتیجے میں سمندر میں تین میٹر بلند لہریں پیدا ہوئیں، اسی سبب سے تائیوان اور جاپان کے سیاحتی علاقے اوکی ناوا میں سونامی کی وارننگ جاری کردی گئی ہے اور رہائشی علاقوں سے لوگوں کو انخلا کے احکامات جاری کردیے گئے ہیں۔
تائیوان سے 110 کلو میٹر فاصلے پر واقع یونا گونی علاقے میں سونامی پہنچ چکا ہے جہاں 30 سینٹی میٹر تک بلند لہریں ریکارڈ کی جا رہی ہیں، خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ آئندہ چند گھنٹوں میں یہ لہریں مزید بلند ہوں گی۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق تائیوان کے مشرقی ساحلی علاقے میں آنے والے زلزلے کی گہرائی 15.5 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی ہے۔