جی 20 ممالک بھارت کو مقبوضہ کشمیرمیں بدترین خلاف ورزیاں روکنے پر مجبور کریں؛ مشعال ملک

eAwazآس پاس

وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے انسانی حقوق مشعال ملک نے جی ٹوئنٹی ممالک پر زور دیا ہے کہ عالمی برادری کو بھارت کے ساتھ اپنے تجارتی مفادات دیکھنے کے بجائے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور معصوم لوگوں کے قتل عام کو دیکھنا چاہیے۔

مشعال ملک نے اپنے ایک بیان میں جی 20 رکن ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے اپنا فعال کردار ادا کریں، اس مسئلے کے حل کے بغیر خطے میں امن ممکن نہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی فاشسٹ حکومت نے مقبوضہ کشمیر میں بربریت اور ریاستی دہشتگردی کی تمام حدیں پار کرلی ہیں۔

مشعال ملک نے مزید کہا کہ یاسین ملک سمیت انسانی حقوق کے کئی کارکن اور صحافی جعلی مقدمات میں بھارتی حراست میں ہیں، جی 20 ممالک بھارتی حکومت پر کشمیریوں کو رہا کرنے کیلئے دباؤ ڈالیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جی 20 ممالک بھارت کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیاں روکنے پر مجبور کریں اور مسئلہ کشمیر کا دیرپا حل یقینی بنایا جائے۔