خیبر پختونخوا :24 گھنٹوں کے دوران ایک درجن سے زائد سیکیورٹی اہلکار شہید

eAwazآس پاس

خیبر پختونخوا میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران دو مختلف واقعات میں ایک درجن سے زائد سیکیورٹی اہلکار شہید ہوگئے جب کہ فائرنگ کے تبادلے میں 9 دہشت گرد بھی مارے گئے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے سرکاری طور پر اموات کی تصدیق نہیں کی تاہم سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ وادی تیراہ میں دہشت گردوں کے ساتھ شدید فائرنگ کے تبادلے میں کم از کم 8 سیکیورٹی اہلکار شہید اور 3 زخمی ہوگئے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی نے منگل کے روز بتایا کہ فائرنگ کے تبادلے میں ’9 عسکریت پسند‘ بھی ہلاک ہوگئے ہیں۔

یہ جھڑپیں اس وقت شروع ہوئیں جب مسلح افراد نے باغ میدان مرکز کے قریب ایک فوجی کیمپ پر حملہ کیا۔

وادی تیراہ میں دو دن تک یہ جھڑپ جاری رہی، اس دوران وہاں کاروبار بند رہا تاہم منگل کو کشیدگی ختم ہونے کے بعد دکانیں کھل گئیں۔

اتوار کی شام مقامی تاجروں نے مظاہرہ کیا جس میں انہوں نے جھڑپ کے دوران مارٹر گولے لگنے سے اپنی تباہ ہونے والی دکانوں کے لیے معاوضے کا مطالبہ کیا۔