Sri Lankan hospitals face shortage of drugs

سری لنکا کے ہسپتالوں کو جان بچانے والی ادویات کی قلت کا سامنا،ملک سنگین معاشی بحران سے دوچار

eAwazآس پاس

حکام کا کہنا ہے کہ سری لنکا کے سرکاری ہسپتالوں میں زندگی بچانے والی ادویات ختم ہو رہی ہیں ضروری اشیا درآمد کرنے کے لیے درکار ڈالر کی کمی ہونے کی وجہ سے ملک ایک سنگین معاشی بحران سے دوچار ہے۔

وسطی صوبے میں 24 لاکھ افراد کو صحت سے متعلق خدمات فراہم کرنے والے ٹیچنگ ہسپتال پیرادینیا کا کہنا ہے کہ بے ہوش کرنے والی اور آپریشن کے لیے ضروری ادویات کی کمی کے سبب انہوں نے معمول کی تمام سرجریز معطل کردی ہیں۔

ایک بڑی ہیلتھ ٹریڈ یونین کا کہنا ہے کہ ریاست کے ہر ہسپتال کو پیرادینیا ہسپتال جیسے مسائل درپیش ہیں جبکہ ادویات فراہم کرنے والوں کو بھی 6 ماہ سے ادائیگیاں بھی نہیں کی گئی ہیں۔

کولمبو کے مرکزی ہسپتال کے سرجن کاکہنا ہے کہ انہیں بہت سی اہم ادویات کی کمی کا سامنا ہے اور جن مریضوں کو انسانی انسولین کی ضرورت ہوتی ہے ان سے یہ دوا خود لانے کے لیے کہا جاتا ہے۔

میڈیکل لیباٹری ٹیکنالوجسٹس ایسوسی ایشن ( ایم ایل ٹی اے) کے سربراہ راوی کمودیش کا کہنا ہے کہ ’حالات بہت خراب ہیں اور ہمیں ان حالات سے نمٹنے کے لیے ڈیزاسٹر منیجمنٹ سے متعلق اقدامات کرنا ضروری ہے‘۔

انہوں نے کہا کہ وہ امراض کی تشخیص کرنے سے بھی قاصر ہیں کیونکہ ان کے ٹیسٹ کے لیے درکار زیادہ تر کیمیکلز اور دیگر ضروری ادویات سرکاری ہسپتالوں میں مفت دستیاب نہیں ہیں۔

دریں اثنا، حکومت کی جانب سے سپلائرز کو تمام تر میڈیکل آلات میں 30 فیصد اضافے کی اجازت دی گئی ہے، مذکورہ آلات میں دل کے مریضوں کے اسٹینٹس بھی شامل ہیں۔
نیوز سورس ڈان نیوز