سابق وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی سابقہ اہلیہ ریحام خان بھی مریم نواز کے لیے کہے گئے جملوں پر چیئرمین تحریک انصاف پر برس پڑیں۔
ریحام خان نے ٹوئٹ کرتے ہوئے عمران خان کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے پر ندامت کا اظہار اور کہا مجھے اس بات پر شدید شرمندگی ہے کہ میں کبھی ایسے گھٹیا آدمی سے منسلک تھی۔
عمران خان کی سابقہ اہلیہ نے اپنی ٹوئٹ میں وزیر خارجہ بلاول بھٹو کی بھی تعریف کی اور انھیں مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ بلاول جیسے نوجوان کی شائستگی دیکھیں اور ایک 70 سال کے بوڑھے کی بدتہذیبی کو دیکھیں نہ اپنے گھر کی عورت کی عزت نہ کسی اور گھر کی عورت کی عزت۔
یاد رہے کہ ملتان میں ہونے والے جلسے میں مریم نواز کو کہے گئے جملوں پر عمران خان کو کڑی تنقید کا سامنا ہے۔
عمران خان نے کہا تھا کہ’مجھے کسی نے سوشل میڈیا پر تقریر بھیجی، مریم تقریر کر رہی تھی کل، اس میں اتنی دفعہ اور اس جذبے سے اور اس جنون سے میرا نام لیا کہ میں اس کو کہنا چاہتا ہوں کہ مریم دیکھو تھوڑا دھیان کرو تمہارا خاوند ہی ناراض نہ ہوجائے جس طرح تم بار بار میرا نام لیتی ہو‘۔