عمران خان کی جی ایچ کیو کے باہر احتجاجی مظاہرے کی کال دینے کی ایک بار پھر تصدیق

eAwazآس پاس

بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے جنرل ہیڈکوارٹر (جی ایچ کیو) کے باہر احتجاجی مظاہرے کی کال دینے کی ایک بار پھر تصدیق کردی۔

اڈیالہ جیل میں سماعت کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ یہ تصدیق تو میں اپنے تین وی لاگز میں بھی کر چکا ہوں، پارٹی کو ہدایت کی تھی کہ مجھے گرفتار کیا گیا تو جی ایچ کیو اور کنٹونمنٹ کے باہر پرامن احتجاج کرنا ہے۔

بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ یہ بات بارہ مرتبہ پولیس تفتیش کے دوران بھی بتائی کہ میں نے جی ایچ کیو کے باہر احتجاج کی کال دی تھی، جہاں پر مسئلہ ہوتا ہے احتجاج بھی وہیں کیا جاتا ہے۔

صحافیوں کی جانب سے پوچھا گیا کہ احتجاج تو پرامن نہیں رہا، تو انھوں نے جواب دیا کہ احتجاج اس لیے پرامن نہیں ہوا کیوں کہ انھوں نے پہلے سے پلان بنا رکھا تھا، کوئی بھی ادارہ ہو اس پر تنقید تو ہونی چاہیے۔

بانی پی ٹی آئی نے نیوٹرل جانور ہوتا ہے کے بیان پر بھی نیا مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ نیوٹرل جانور نہیں، غیر سیاسی ہوتا ہے، نیوٹرل کا لفظ غلط استعمال ہوا، میرے کہنے کا مطلب یہ تھا کہ فوج غیر جانبدار رہے۔