غزہ: اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں شہداء کی تعداد مسلسل اضافہ

eAwazآس پاس

غزہ میں اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں شہداء کی تعداد مسلسل بڑھ رہی ہے اور کئی علاقوں میں امداد نہ پہنچنے کے باعث بیماریوں نے بھی مظلوم فلسطینیوں کو گھیر لیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق یکم دسمبر کو جنگ بندی ختم ہونے کے بعد سے اب تک 1240 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں جبکہ 7 اکتوبر سے جاری اسرائیلی حملوں میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 16 ہزار 250 تک پہنچ گئی ہے۔

رپورٹس کے مطابق تازہ حملوں میں خان یونس کے علاقے پر اسرائیلی بم باری سے 40 جبکہ نصائرت کیمپ پر بم باری سے 10 فلسطینی شہید ہو گئے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق غزہ کے کمال اسپتال میں 108 اور الاقصیٰ اسپتال میں 45 فلسطینیوں کی لاشیں لائی گئی ہیں۔

دوسری جانب ایک امریکی نیوز چینل نے بتایا ہے کہ اسرائیل کے غزہ پر حملے جنوری تک جاری رہنے کے امکان ہے جبکہ جنوری کے بعد غزہ میں اسرائیل کے ٹارگٹڈ حملے جاری رہیں گے۔

علاوہ ازیں اقوامِ متحدہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ غزہ میں انسانیت تاریک ترین لمحے سے دو چار ہے، اسرائیل غزہ کے ہر حصے کو بم باری کا نشانہ بنا رہا ہے۔

عالمی ادارۂ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے مطابق سوا لاکھ فلسطینی سانس کی بیماری، 86 ہزار ہیضہ اور 12 سو یرقان میں مبتلا ہو چکے ہیں۔

ڈبلیو ایچ او کے مطابق 30 ہزار افراد کے شیلٹر میں ہر 400 افراد کے لیے صرف ایک بیت الخلاء ہے۔