اسرائیلی فوج کے غزہ میں رہائشی علاقوں، اسپتالوں پر حملے جاری ہیں، الناصر اسپتال غیر فعال ہونے سے 8 مریض انتقال کر گئے۔
غزہ وزارت صحت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ 24گھنٹوں میں اسرائیلی حملوں میں 107فلسطینی شہید اور 145زخمی ہوگئے۔فلسطینی شہدا کی مجموعی تعداد 29 ہزار سے بڑھ گئی۔
اسرائیل نے رمضان تک اسرائیلی یرغمالی رہا نہ ہونے پر رفح میں زمینی آپریشن کا اعلان کیا ہے تاہم یورپی یونین نے اسرائیل کو رفح پر چڑھائی کرنے سے خبردار کر دیا۔
ای یو وزرائے خارجہ کا کہنا ہے رفح پر حملہ 15 لاکھ بے گھر فلسطینیوں کے لیے تباہ کُن ہوگا۔
دوسری جانب خان یونس میں اسرائیلی فوج پر حماس کی جانب سے حملے کیے گئے جس میں کئی اسرائیلی فوج ہلاک اور متعدد کو زخمی کرنے کا دعویٰ کیا گیا۔
ادھر فرانسیسی اخبار نے دعویٰ کیا ہےکہ لبنانی عسکری تنظیم حزب اللہ کے پاس خفیہ سرنگوں کا نیٹ ورک غزہ کی پٹی میں حماس کے قائم کردہ نیٹ ورک سے زیادہ جدید ہے جوکہ اسرائیل تک پھیلا ہوا ہے۔