مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کی جانب سے سوشل میڈیا پر ان کی جعلی اور قابل اعتراض تصاویر کے خلاف وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) میں شکایت درج کرانے کے چند گھنٹے بعد ہی وفاقی حکومت حرکت میں آگئی، فحاش اور غیر اخلاقی ویڈیوز کے ذریعےلوگوں کی بدنامی میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن کا آغاز کردیا گیا۔
وزیر داخلہ کی جانب سے مسئلے سےمتعلق سخت ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نواز نے بھی تشویش کا اظہار کیا کہ وہ اپنے خلاف سوشل میڈیا پر بدنیتی پر مبنی مہم کے خلاف کارروائی کا انتظار کر رہی ہیں۔
گزشتہ دنوں ایک ٹوئٹر پیغام میں مریم نواز نے کہا کہ انہوں نے اس معاملے کی اطلاع حکام کو دے دی ہے اور کارروائی کی منتظر ہیں۔
اضح طور پر فوٹو شاپ کی گئی تصاویر اور ویڈیوز کو کچھ ممتاز ٹوئٹر اکاؤنٹس کے ساتھ ساتھ کچھ نئے بنائے گئے اکاؤنٹس نے بھی شیئر کیا ہے۔
مریم نواز کی جانب سے شکایت درج کرانے اور وزارت داخلہ کی جانب سے ہدایات جاری کرنے کے فوراً بعد ایف آئی اے نے ایک ٹوئٹ کے ذریعے خبردار کیا کہ ادارے کی جانب سے جعلی ویڈیوز کے خلاف سخت کارروائی کی جارہی ہے۔
ایف آئی اے کے ترجمان کی جانب سے ادارے کے ٹوئٹر اکاؤنٹ سےجاری کردہ پیغام میں کہا گیا کہ ’ایف آئی اے نے سوشل میڈیا پر چلنے والی جعلی ویڈیوز کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے‘۔
نیوز سورس ڈان نیوز