قطر، مصر اور امریکا نے حماس اور اسرائیل کو غزہ میں جنگ بندی کے لیے مذاکرات کی دعوت دے دی۔
تینوں ممالک نے جاری کیے گئے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ فریقین غزہ میں جنگ بندی کے لیے 15 اگست سے مذاکرات کا آغاز کریں۔
مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ مذاکرات دوحہ یا قاہرہ میں ہو سکتے ہیں، مزید وقت ضائع کرنے، نہ ہی کسی فریق کی طرف سے کوئی عذر پیش کرنے کی ضرورت ہے۔
تینوں ممالک نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ یرغمالیوں کی رہائی، جنگ بندی شروع کرنے اور معاہدے پر عمل درآمد کا وقت ہے۔
دوسری جانب اسرائیلی وزیرِ اعظم نیتن یاہو نے کہا ہے کہ اسرائیلی مذاکرات کار 15 اگست کو میٹنگ میں شرکت کریں گے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق حماس کی جانب سے فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا۔
اس حوالے سے ایک امریکی اہلکار کا کہنا ہے کہ حماس اور اسرائیل کے درمیان آئندہ ہفتے تک معاہدہ ہونے کا امکان نہیں۔
ادھر امریکی وزیرِ دفاع لائیڈ آسٹن نے اسرائیلی ہم منصب سے فون پر رابطہ کیا ہے۔
امریکی وزیرِ دفاع لائیڈ آسٹن نے اسرائیلی ہم منصب سے گفتگو میں غزہ میں جنگ بندی کے لیے مشرقِ وسطیٰ میں امریکی اقدامات پر تبادلۂ خیال کیا ہے۔