کوالاپور :ملائشیا ءکے سابق وزیراعظم مہاتیر محمد کو حالت تشویشناک ہونے پر دوبارہ اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔خبر رساں ایجنسی کے مطابق اس سے قبل بھی مہاتیر محمد کو 7 جنوری سے اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا جس کے بعد انہیں 13 جنوری کو اسپتال سے فارغ کیا گیا تھا۔رپورٹس کے مطابق 96 سالہ سابق وزیراعظم کو دل میں تکلیف کے باعث کوالالمپور میں قومی ادارہ برائے امراض قلب میں دوبارہ منتقل کیا گیا ہے جہاں ان کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
ملائیشین میڈیا کے مطابق 96 سال کی عمر میں قابل رشک صحت کے حامل رہنما کی علالت کی خبر سن کر ہزاروں کی تعداد میں ان کے حامی اسپتال کے باہر جمع ہوگئے۔اسپتال کے ترجمان نے بتایا کہ سابق وزیراعظم کو سینے میں درد کی شکایت پر لایا گیا اور کورونری کیئر یونٹ میں ان کا علاج جاری ہے۔مہاتیر محمد کی بیٹی مرینا مہاتیر کا کہنا ہے کہ ان کے والد کی حالت بہتر ہے اور وہ علاج کے بعد بہتر ردعمل دے رہے ہیں۔
انہوں نے مہاتیر محمدکی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے لوگوں سے دعاؤں کی درخواست کی ہے۔دو مرتبہ ملائیشیا کے وزیراعظم رہنے والے مہاتیر محمد کا پہلا ہارٹ بائی پاس 1989 اور دوسرا 2007 میں ہوا تھا لیکن وہ ان سرجریوں کے بعد بھی سیاست میں سرگرم رہے۔انہوں نے پہلی بار 1981 میں اقتدار سنبھالا اور 22 سال بعد 2003 میں ریٹائر ہونے پر ملک میں سب سے طویل عرصے تک رہنے والے وزیر اعظم بنے، 2016
میں مہاتیر محمد ایک بار پھر سیاست کے میدان میں آئے اور اپنی نئی جماعت بنائی، دیگر ہم خیال جماعتوں سے انتخابی اتحاد کیا اور ایک بار پھر وزارت عظمیٰ کا عہدہ سنبھالا، تاہم اندرونی اختلافات کے بعد فروری 2020 میں وہ عہدے سے مستعفی ہوگئے۔