بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں پاکستان ہائی کمیشن کی جانب سے یوم پاکستان سے متعلق استقبالیہ کا اہتمام کیا گیا۔
پاکستانی ہائی کمیشن کے استقبالیے میں سیاسی رہنما، سفارتکار، بزنس کمیونٹی اور سول سوسائٹی کے نمائندوں سمیت دلی کی ممتاز مسلم شخصیات نے بھی شرکت کی۔
اس موقع پر ناظم الامور سعد احمد وڑائچ نے چانسری لان میں معزز مہمانوں کا استقبال کیا اور یوم پاکستان کی اہمیت کو اجاگر کیا۔
ناظم الامور سعد احمد نے اپنے خطاب میں کہا کہ 23مارچ 1940 کو لاہور میں تاریخی قرارداد تحریک پاکستان کی بنیاد بنی، پاکستان نے جمہوریت کو مضبوط بنانے کی جانب اہم پیشرفت کی ہے، پاکستان نے آزاد میڈیا کے فروغ اور فعال سول سوسائٹی کی جانب بھی پیشرفت کی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اوربھارت کے بانیان نے دونوں ممالک کے درمیان خوشگوار تعلقات کا تصور کیا تھا، بدقسمتی سے ہمارے دو طرفہ تعلقات کی تاریخ زیادہ تر چیلنجوں سے بھری رہی ہے، دائمی تنازعات اور کشیدگی کا دور ہمارا مقدر نہیں، ماضی سے نکل کرامن وآشتی، باہمی احترام سے عوام کیلئے امیدکا مستقبل رقم کرسکتے ہیں اور باہمی تفہیم کے فروغ سے خطے میں امن واستحکام کا مقصد حاصل کیا جاسکتا ہے جب کہ جموں وکشمیر سمیت دیرینہ تنازعات حل کرکے خطے میں امن واستحکام قائم کیاجا سکتا ہے۔
اس کے علاوہ تقریب میں مہمانوں کی روایتی پاکستانی کھانوں سے تواضع کی گئی اور پاکستان کے حسین مقامات، قومی ورثے کی دستاویزی فلمیں بھی دکھائی گئیں۔