پاکستانیوں کا حساس ڈیٹا ڈارک ویب پر فروخت، وفاق سے جواب طلب

eAwazآس پاس

سندھ ہائی کورٹ نے پاکستانیوں کا حساس ڈیٹا ڈارک ویب پر فروخت کرنے کے کیس میں یکم نومبر تک وفاقی حکومت سے جواب طلب کر لیا۔

ساڑھے 11 کروڑ پاکستانیوں کا حساس ڈیٹا ڈارک ویب پر فروخت کرنے کے کیس کی سماعت ہوئی۔

سماعت کے دوران ڈپٹی اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ وفاقی حکومت سے جواب طلبی کے بجائے صوبائی حکومت کو نوٹس جاری کیے گئے، وفاقی حکومت کو عدالتی نوٹس جاری ہو گا تو جواب دیں گے۔

درخواست گزار طارق منصور ایڈووکیٹ نے کہا کہ تمام ادارے جواب جمع کرا چکے ہیں، سیکریٹری آئی ٹی اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن سے جواب طلبی ضروری ہے۔

عدالت نے یکم نومبر تک وفاقی حکومت سے جواب طلب کرتے ہوئے ڈپٹی اٹارنی جنرل کو 20 اپریل 2021ء کے فیصلے پر عمل درآمد کرنے کا حکم دیا۔

عدالت نے ڈپٹی اٹارنی جنرل کو ہدایت کی کہ آپ اگلی سماعت پر دلائل دیں، 20 اپریل 2021ء کے فیصلے کی روشنی میں عمل درآمد کریں، عدالتی احکامات پر عمل درآمد نہ کیا گیا تو سیکریٹری آئی ٹی اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن ذاتی حیثیت میں پیش ہوں۔

درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے قانون سازی میں مسلسل تاخیر کی جا رہی ہے، ابھی تک کوئی نیشنل سائبر پالیسی نہیں بنائی گئی، سائبر سے متعلق پاکستان میں 4 بڑے واقعات ہو چکے ہیں۔

واضح رہے کہ عدالت نے 20 اپریل 2021ء کو آئی ٹی اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن سمیت تمام فریقین کو جواب جمع کرانے حکم دیا تھا۔