پاکستان اور بھارت کے درمیان روابط کی عدم موجودگی خطرناک ہے: مسعود خان

eAwazآس پاس

واشنگٹن: امریکا میں پاکستان کے سفیر مسعود خان کا کہنا ہے کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان بات چیت اور روابط کی عدم موجودگی خطرناک ہے۔

واشنگٹن میں امریکی تھنک ٹینک سے گفتگو کرتے ہوئے مسعود خان کا کہنا تھا پاکستان اور امریکا کے درمیان مضبوط سکیورٹی تعاون ضروری ہے، سیکیورٹی تعاون میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کی ضرورت ہے۔

مسعود خان کا کہنا تھا کہ پاک امریکا دفاعی تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے مشترکا ایجنڈے کو آگے بڑھاتے رہیں گے، تجارت اور سرمایہ کاری سمیت مختلف شعبوں میں تعاون مزید بڑھائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ موجودہ دور میں بلاک سیاست عالمی امن کو خطرے میں ڈالے گی، ہمیں عالمی قانون اور انصاف کی حکمرانی کے لیے جدوجہد جاری رکھنی چاہیے۔

پاکستانی سفیر کا کہنا تھا کہ امریکا اور چین میں روابط رکھنے کے لیے جس اسٹیٹ مین شپ کا مظاہرہ کیا گیا ہے پاکستان اسے سراہتا ہے، امریکا اور چین کے درمیان معاشی انحصار روایت بن چکی ہے، پاکستان کسی ایک کا انتخاب کرنے کے بجائے ممکنہ حد تک پل کا کردار ادا کرنا چاہے گا۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان جامع مذاکرات اور مسائل کے حل کی ضرورت پر زور دیتے ہیں، بھارت اور پاکستان کے درمیان بات چیت یا روابط کی عدم موجودگی خطرناک ہے۔

مسعود خان کا کہنا تھا سیلاب زدگان کے لیے97 ملین ڈالر کی فراخدلانہ امداد پر امریکا کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔