پنجاب اور کے پی اسمبلی تحلیل کرنے کی توثیق کردی گئی: فواد چوہدری

eAwazآس پاس

سابق وفاقی وزیر و تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا اسمبلی تحلیل کرنے کی توثیق کردی گئی ہے۔

سابق وزیراعظم و پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی زیر صدارت پنجاب اور خیبرپختونخوا اسمبلیوں سے مستعفی ہونے سے متعلق مشاورتی اجلاس ہوا جس میں اہم فیصلے کیے گئے۔

اجلاس کے بعد لاہور زمان پارک کے باہر میڈیا سے گفتگو میں فواد چوہدری کا کہنا تھاکہ پنجاب اور خیبرپختونخوا اسمبلی تحلیل کرنے کی توثیق کردی گئی ہے، پارلیمانی پارٹی کی مشاورت کے بعد پنجاب اور خیبر پختونخوا اسمبلی کو تحلیل کرنے کی تاریخ کا اعلان کر دیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھاکہ ہمارے استعفوں سے ملک بھر میں 567 نشستیں خالی ہوں گے جبکہ سندھ اور بلوچستان میں ہمارے اراکین اسمبلی استعفے جمع کرائیں گے اور اسپیکر قومی اسمبلی کوبھی پی ٹی آئی اراکین کے استعفے منظور کرنے کا کہا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ آئینی طورپرپنجاب اور کےپی کے میں 90 روز میں انتخابات کرانا ہوں گے۔

ان کا کہنا تھاکہ عمران خان نے جمعےکو پارلیمانی پارٹی کا اجلاس بلایا ہے۔

فواد چوہدری کا کہنا تھاکہ اعظم سواتی کی گرفتاری انسانی حقوق کی خلاف ورزی کا سلسلہ ہے، سینیٹ کےارکان 10 روز سے سڑکوں پرہیں مگرنوٹس نہیں لیاگیا۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں سابق وزیراعظم و پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے راولپنڈی کے جلسے سے خطاب میں کہا تھاکہ تمام اسمبلیوں سے باہر نکلنے کا فیصلہ کیا ہے اور جلد مشاورت کے بعد اعلان کیا جائے گا۔