ڈیمو ں میں پانی کی آمد میں اضافہ، بجلی کی پیداوار بڑھنے کا امکان

eAwazآس پاس

ملک بھر کے ڈیمو ں میں پانی کی آمد میں اضافہ ہو گیا، واپڈا کا کہنا ہے کہ اس اضافے کے ساتھ ہی ڈیموں سے پانی کا اخراج بھی بڑھا دیا گیا ہے۔

واپڈا ذرائع کے مطابق پانی کی آمد میں اضافے سے بجلی کی ہائیڈل پیداوار بڑھنے کا امکان ہے، مئی میں بجلی کی ہائیڈل پیداوار دگنی ہو جائے گی۔

واپڈا کے ترجمان کے مطابق تربیلا ڈیم میں پانی کی آمد 71 ہزار 700، اخراج 53 ہزار 600 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔
منگلا ڈیم میں پانی کی آمد 36 ہزار 500، اخراج 33 ہزار 400 کیوسک، چشمہ میں پانی کی آمد 89 ہزار 600 کیوسک، اخراج 72 ہزار کیوسک ہے۔

اسی طرح ہیڈ مرالہ چناب میں پانی کی آمد 25 ہزار 400، اخراج 17 ہزار 900 کیوسک، نوشہرہ کے مقام پر دریائے کابل میں پانی کی آمد اور اخراج 52 ہزار 700 کیوسک ہے۔

ترجمان واپڈا کے مطابق تربیلا میں آج پانی کا ذخیرہ 1 لاکھ 25 ہزار ایکڑ فٹ، منگلا میں پانی کا ذخیرہ 1 لاکھ 58 ہزار ایکڑ فٹ اور چشمہ میں پانی کا ذخیرہ 58 ہزار ایکڑ فٹ ہے۔

تربیلا، منگلا اور چشمہ ریزوائر میں پانی کا مجموعی ذخیرہ 3 لاکھ 41 ہزار ایکڑ فٹ ہے۔