کینیڈا کے جنگلات میں 500 سے زائد مقامات پر لگی آگ بے قابو،بین الاقوامی فائر فائٹرز طلب

eAwazآس پاس

کینیڈا کے جنگلات میں 500 سے زائد مقامات پر لگی آگ بے قابو ہوگئی۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق آگ بجھاتے ہوئے 2 کینیڈین فائر فائٹرز ہلاک ہوگئے، گرم، خشک درجہ حرارت کے باعث جنگلات کی آگ کا سلسلہ اگست تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

جنگلات کی آگ پر قابو پانے کے لیے وفاقی فوجیوں کو تعینات کر دیا گیا جبکہ بین الاقوامی فائر فائٹرز کی مدد بھی طلب کر لی گئی۔

جنگلات سے اٹھتے دھویں سے کئی شہروں کی فضا آلودہ ہوگئی، کیلگری، مونٹریال، کیوبک اور ٹورنٹو میں دھویں کا الرٹ جاری کر دیا گیا۔

رپورٹس کے مطابق کینیڈا کے جنگلات سے اٹھنے والے دھویں سے شمالی اور مشرقی امریکا میں بھی ہوا کا معیار متاثر ہوگیا، امریکا کی 20 ریاستوں میں ہوا کے خراب معیار کا الرٹ جاری کر دیا گیا۔

امریکی ریاست نیویارک، الی نوائے، مشی گن، وسکونسن کے رہائشیوں کو گھروں میں رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

کینیڈین حکام کا کہنا ہے کہ کینیڈا میں مئی سے اب تک جنگلات میں لگی آگ سے دو کروڑ چالیس لاکھ ایکڑ سے زائد کا رقبہ جل چکا ہے جو کہ آئس لینڈ یا امریکی ریاست انڈیانا کے رقبے کے برابر ہے۔