خان یونس کے یورپی اسپتال کے قریب اسرائیل کی بمباری سے مزید 55 فلسطینی شہید ہوگئے۔ مجموعی اموات 21 ہزار کے قریب جا پہنچیں جبکہ گرفتار فلسطینیوں کی تعداد ساڑھے چار ہزار سے زیادہ ہوگئی۔
اسرائیل نے غزہ کے علاقہ شجاعیہ پر بھی قبضےکا دعویٰ کیا ہے، امریکی مخالفت کے سبب اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں غزہ جنگ بندی پر ووٹنگ تاحال نہ ہوسکی۔
علاوہ ازیں غزہ میں اموات کی تعداد 1948 سے اب تک اسرائیل سے کسی بھی عرب ملک کی جنگ میں ہوئی اموات سے بھی بڑھ گئی۔
1967 کی جنگ میں اسرائیل نے 19ہزار مصری، شامی اور دیگر عرب شہریوں کو قتل کیا تھا، 1948 میں یہودیوں نے خطے میں پنجے گاڑھتے ہوئے 15 ہزار فلسطینیوں کو شہید کیا تھا۔
دوسری جانب حماس کے جوابی حملے جاری ہیں جن میں کئی اسرائیلی فوجی ہلاک اور فوجی گاڑیاں تباہ ہوگئیں۔
حماس نے اسرائیلی بمباری میں مارے جانے والے 3 یرغمالیوں کی وڈیو بھی جاری کردی ہے۔