بھارت میں تیندوے کا اسکول میں گُھس کر طالب علم پر حملہ
دہلی : بھارتی ریاست اتر پردیش کے اسکول میں تیندوا گُھس آیا اور طالب علم پر حملہ کردیا جس کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اتر پردیش کے شہر علی گڑھ میں ایک تیندوا بھٹکتا ہوا اسکول میں داخل ہوگیا اور طالب علم پر حملہ کر دیا۔
بھارتی میڈیا نے بتایا کہ دسویں جماعت کا ایک طالب علم صبح ساڑھے آٹھ بجے کے قریب کلاس روم میں داخل ہوا تو اُس نے اپنے سامنے تیندوا دیکھا۔ جب اس نے بھاگنے کی کوشش کی تو تیندوے نے اس کا بازو پکڑ لیا اور اس کی کمر پر پنجہ مارا۔طالب علم کی چیخیں سُن کر چند اساتذہ نے خطرے کی گھنٹی بجائی جس کے بعد تیندوا وہاں سے بھاگ گیا اور کلاس روم میں چھپ گیا۔
واقعے کے بعد فوری کارروائی کرتے ہوئے طالب علم کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اُسے فوری طبی امداد فراہم کی گئی۔دوسری جانب اسکول کے پرنسپل نے بتایا کہ تیندوے کو بند کر دیا گیا تھا اور حکام کو اطلاع دی گئی تھی۔