افغانستان میں متوقع نئی حکومت کو تسلیم کرنے کے معاملے میں بین الاقوامی برادری کے ساتھ مل کر قدم اٹھائیں گے، ترکی

Momin Masoodآس پاس, اردو خبریں

انقرہ۔20اگست:ترکی کے وزیر خارجہ میولود چاوش اولو نے کہا ہے کہ افغانستان میں متوقع نئی حکومت کو تسلیم کرنے کے معاملے میں ہم بین الاقوامی برادری کے ساتھ مل کر قدم اٹھائیں گے۔

ترک ذرائع ابلاغ کے مطابق انقرہ میں افغانستان کی صورتحال سے متعلق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چاوش اولو نے بتایا کہ افغانستان میں موجود تمام ترک شہریوں کے ساتھ ہم نے فرداً فرداً رابطہ کیا ہے اور شہریوں کی طلب پر ہم انہیں وطن واپس لا رہے ہیں۔انہوں نے کہا ہے کہ انخلا کے کام میں ہم نے دیگر ممالک کی بھی مدد کی ہے اور بہت سے ممالک ہمارے ساتھ رابطہ کر رہے ہیں ۔

افغانستان میں قیام حکومت کی کوششوں اور قائم کی جانے والی حکومت کو تسلیم کرنے کے معاملے میں چاوش اولو نے کہا ہے کہ پہلے ہمارا یہ دیکھنا ضروری ہے کہ کیسی حکومت قائم کی جا رہی ہے اور اس معاملے میں ہم بین الاقوامی برادری کے ساتھ مل کر کوئی قدم اٹھائیں گے۔