تل ابيب:اسرائیل نے ایران پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ مشرق وسطی کے جنگجوؤں کو ڈرون اڑانے کی تربیت دے رہا ہے۔الجزیرہ کے مطابق اسرائیلی وزیر دفاع بینی غانتس کا کہنا ہے کہ تہران اصفہان شہر کے نزدیک واقع ہوائی اڈے پر یمن، شام، عراق اور لبنان سے تعلق رکھنےوالے غیر ملکی جنگجوؤں کو ڈرون اڑانے کی تربیت دے رہا ہے۔اسرائیلی وزیر دفاع کا یہ مبینہ الزام ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب عمان میں ایک ماہ قبل اسرائیلی آئل ٹینکر پر ہونے والے ڈرون حملے کی وجہ سے ایران کو بین الاقوامی برادری کی جانب سے تفتیش کا سامنا ہے۔تل ابیب میں رچ مین یونیورسٹی میں پریس کانفرنس سے خطاب میں اسرائیلی وزیر دفاع کا مزید کہنا تھا کہ ایران اصفہان کے جنوب میں واقع کاشان ہوائی اڈے کو اس مقصد کے لیے استعمال کر رہا ہے، جب کہ ایران غزہ کی پٹی پر ڈرون تیار کرنے کی مہارت بھی منتقل کر رہا ہے۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا ہمارے پاس کاشان کے رن وے پر کھڑے ڈرونز کی سیٹلائیٹ تصاویر بھی موجود ہیں۔ایران کی جانب سے اسرائیلی وزیر دفاع کے اس بیان پر ابھی تک کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا گیا ہے۔