ایران متحدہ فلسطین کو ہی مسئلے کا حل سمجھتا ہے، ایرانی وزیر خارجہ

eAwazاردو خبریں

ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نےکہا ہے کہ فلسطین مسئلے کا 2 ریاستی منصوبہ خطے میں نسلی فسادات کو ہوا دے گا۔ ایران متحدہ فلسطین کو ہی مسئلے کا حل سمجھتا ہے۔

مصری اخبار کو دیے گئے انٹرویو میں عباس عراقچی نے کہا کہ فلسطین کے مسئلے کےلیے 2 ریاستی منصوبہ خطے میں امن کے بجائے نسلی فسادات کو ہوا دے گا۔

انہوں نے کہا کہ امریکا کی جانب سے قابض اسرائیل کی پشت پناہی نے خطے کے امن اور استحکام کو تباہ کر دیا ہے۔

ایرانی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ دو ریاستی حل سے صرف مفلوج فلسطینی ریاست قائم ہوگی، جس کے پاس فوج ہے نہ مکمل خودمختاری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دو ریاستی حل کے تحت قائم فلسطینی ریاست اسرائیل کی ایک بلدیاتی کاؤنٹی کے سوا کچھ نہیں ہوگی، ایران متحدہ فلسطین کو ہی مسئلے کا حل سمجھتا ہے۔

عباس عراقچی نے یہ بھی کہا کہ متحدہ فلسطین جنوبی افریقہ کے طرز پر ایک جمہوری ریاست ہوگی، مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورتحال انتہائی خطرناک مرحلے میں داخل ہوگئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیل کے جاری جنگی جرائم اور جارحیت روکنے کےلیے خطے کے ممالک مشترکہ اقدامات کریں۔

ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ اسرائیل کی جارحیت نہ روکی گئی تو لبنان سمیت خطے کے دیگر علاقوں میں غزہ جیسی تباہی ہوگی۔