اسلام آباد: سویلین کے ملٹری ٹرائل کے خلاف درخواستوں پر 9 رکنی لارجر بینچ معاملے پر نئی پیش رفت سامنے آئی ہے کہ جسٹس قاضی فائز عیسٰی کا نوٹ سپریم کورٹ کی ویب سائٹ سے ہٹا دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق جسٹس قاضی فائز عیسٰی کی جانب سے 9 رکنی لارجر بینچ کی سماعت سے متعلق نوٹ اپ لوڈ کیا گیا تھا، بعدازاں جسٹس قاضی فائز عیسٰی کا نوٹ سپریم کورٹ کی ویب سائٹ سے ہٹا دیا گیا۔
اس سے قبل جسٹس فائز عیسٰی کا 6 رکنی بینچ کو غیر قانونی قرار دینے کا نوٹ بھی ہٹایا گیا تھا۔ جسٹس فائز عیسٰی نے 184/3 کے رولز بنانے تک مقدمات ملتوی کرنے کا حکم دیا تھا۔
واضح رہے کہ جسٹس فائز عیسٰی نے یہ حکم حافظ قرآن کو اضافی نمبروں کے ازخود نوٹس میں دیا تھا، عدالتی حکم کو رجسٹرار کے سرکلر کے ذریعے اور بعد ازاں 6 رکنی بینچ نے ری کال کیا تھا۔
جسٹس قاضی فائز عیسٰی کا نوٹ دوسری مرتبہ اپ لوڈ ہونے کے بعد ویب سائٹ سے ہٹایا گیا، جسٹس قاضی فائز عیسٰی کا ہٹایا جانے والا نوٹ 30صفحات پر مشتمل تھا۔
جسٹس فائز عیسٰی نے اپنے نوٹ میں کہا تھا کہ نہ میں نے کبھی کسی چیف جسٹس سےگزارش کی کہ مجھے کسی کام کے لیے کسی رجسٹری بھیجا جائے، نہ کبھی رجسٹرار آفس کو کسی نوعیت کا مقدمہ لگانے یا نہ لگانے کا کہا۔
جسٹس فائز عیسٰی نے کہا کہ جب سے میری تعیناتی عدالت عظمٰی میں ہوئی تب سے آج تک کبھی کسی مقدمے کی سماعت سے گریز نہیں کیا، ہمیشہ کوشش رہی کہ ہر فیصلہ ایک ہی پیمانے سے آئین و قانون کے مطابق کروں۔
جسٹس فائز عیسٰی نے کہا کہ ہمیشہ کوشش رہی کہ مقدمے کے ہر فریق کو ایک نظر سے دیکھوں، پوری سراعت سے کہتا ہوں خود کو سویلین کے ملٹری ٹرائل کے خلاف مقدمے سے خود کو دستبردار نہیں کررہا، اب اگر میں یہ مقدمات سنوں تو میں اپنے آئینی و قانونی موقف کی خلاف ورزی کروں گا۔