پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے میچ میں پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو 24 رنز سے شکست دے دی ہے۔
پشاور زلمی کے 198 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کراچی کی کنگز کی ٹیم مقررہ اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 173 رنز بنا سکی اور اسے 24 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے ٹاس جیت کر پشاور زلمی کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
پشاور زلمی کی اننگز کا آغاز اچھا نہیں تھا کیونکہ کراچی کنگز کے محمد عامر نے پہلے ہی اوور میں زلمی کے دونوں اوپنرز محمد حارث اور بابراعظم کو ایل بی ڈبلیو کر کے پویلین کی راہ دکھا دی تھی۔
تیز کھیلنے والے محمد حارث پہلے اوور کی پہلی ہی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ جبکہ کپتان بابر اعظم بھی عامر کی اندر آتی گیند کے سامنے بے بس دکھائی دیے اور بنا کوئی رن بنائے آؤٹ ہو گئے۔
پشاور زلمی کی دو وکٹیں صرف دو رنز پر گرنے کے بعد صائم ایوب بیٹنگ کے لیے آئے اور صرف ایک رن کا اضافہ کر کے تیسرے اوور میں محمد عامر کا شکار بنے۔
اس لمحے میں کراچی کنگز پوری طرح پشاور زلمی ہر حاوی دکھائی دے رہا تھا لیکن پھر ٹام کوہلر اور حسیب اللہ خان نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے زلمی کو مشکل سے نکال کر مجموعی سکور 84 رنز تک پہنچایا۔ دونوں بلے بازوں نے 81 رنز کی شراکت قائم کی اور جارحانہ انداز میں بیٹنگ کی۔
پشاور زلمی نے اننگز کے آغاز میں مشکلات کا شکار ہونے کے باوجود مقررہ 20 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 197 رنز بنائے