ریاض: سعودی عدالت نے منی لانڈرنگ کیس میں ملوث افراد کو 20 سال قید کی سزا سنادی۔عرب میڈیا کے مطابق سعودی عرب کی عدالت نے 4.52 بلین ڈالر منی لانڈرنگ کیس میں ملوث ملکی و غیر ملکیوں کو 20 سال قید کی سزا سنادی، عدالت نے ملزمان پر 75 ملین ریال تک جرمانہ بھی عائد کیا ہے، اس کے علاوہ عدالت نے منی لانڈرنگ میں ملوث سعودی شہریوں پر 20 سال تک سفری پابندیاں عائد کی ہیں جب کہ غیر ملکیوں کو سزا پوری ہونے پر ملک بدر کردیا جائے گا۔واضح رہے کہ رواں سال کے شروع میں سعودی عرب کی اینٹی کرپشن اتھارٹی (نزاہہ) نے کارروائی کرتے ہوئے منی لانڈرنگ میں ملوث 65 افراد کو گرفتار کیا تھا جن میں ملکی و غیر ملکی بھی شامل تھے، ان افراد میں سے 48 کا تعلق سرکاری اداروں سے تھا جو سعودیہ عرب میں مختلف وزارتوں میں تعینات تھے۔