ریاض: بحیرہ احمر پر سعودی ولی عہد محمد بن سلمان، قطر کے امیر تمیم بن حمد آل ثانی اور متحدہ عرب امارات کی قومی سلامتی کے مشیر شیخ تہنون بن زائد نے برادرانہ ماحول میں ملاقات کی۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق قطر سے عرب ممالک کے تعلقات میں ہر گزرتے دن کے ساتھ بہتری آتی جارہی ہے۔ 2017 میں عائد پابندیوں کے بعد اب سعودی عرب سمیت دیگر عرب ممالک نے سفارتی و تجارتی تعلقات کی بحالی کا اعلان کردیا ہے تاہم متحدہ عرب امارات نے ہچکچاہٹ کا مظاہرہ کیا تھا۔تاہم اب سعودی ولی عہد کے نجی دفتر کے ڈائریکٹر بدر العساکر نے ٹوئٹر پر ایک تصویر شیئر کی ہے جس میں امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی، سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور متحدہ عرب امارات کے قومی سلامتی کے مشیر شیخ تہنون بن زاید آل نہیان ٹی شرٹ اور شارٹس پہنے خوش گوار موڈ میں نظر آرہے ہیں۔
بدر العساکر نے ٹوئٹ کے کیپشن میں لکھا کہ تینوں رہنماؤں کی ملاقات جمعہ کے روز بحیرہ احمر میں ہوئی یہ ایک کلف سے پاک اور برادرانہ ماحول میں ہونے والی ملاقات تھی۔تینوں شہزادوں کے لباس سے بھی ظاہر ہوتا ہے کہ یہ ملاقات نجی ماحول میں ہوئی ہے اور ایسا لگتا ہے کہ تنازعوں کے حل کے لیے شہزادوں نے پکنک پوائنٹ کا انتخاب کیا ہے۔ متحدہ عرب امارات کے مشیر کی امیرِ قطر سے 4 سال بعد ملاقات ہوئی ہے۔