شام کے باغیوں کی مسلسل پیش قدمی جاری ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق باغیوں کی جانب سے ایک ہفتے کے دوران پانچویں شہر درعا پر بھی قبضے کا دعویٰ سامنے آ گیا ہے۔
امریکی اخبار کے مطابق ایران کی قدس فورس کے افسران نے علاقے سے انخلاء شروع کر دیا ہے، جبکہ روسی افواج نے بھی طرطوس پورٹ سے انخلاء شروع کر دیا ہے۔
میڈیا کی رپورٹس کے مطابق شام کے باغی شمالی شہر حلب اور حماۃ پر بھی قبضہ کر چکے ہیں جبکہ السویدا شہر میں جھڑپیں جاری ہیں۔
دوسری جانب ترک صدر نے کہا ہے کہ مسلح گروپوں کا ہدف دمشق ہے، امید ہے کہ شام میں مسلح گروپوں کی پیش قدمی مشکلات کے بغیر جاری رہے گی۔
انہوں نے کہا ہے کہ شامی صدر بشارالاسد کو ملاقات کی دعوت دی مگر مثبت جواب نہیں ملا، شامی صدر نے ملاقات سے پہلے شمال میں ترک فوج کے زیرِ کنٹرول علاقے سے انخلاء کی ضمانت طلب کی ہے۔
علاوہ ازیں ترکیہ، ایران اور روس کے وزرائے خارجہ آج دوحہ میں ملاقات کریں گے۔
عرب میڈیا کے مطابق اس ملاقات میں شام میں باغیوں کی پیش قدمی پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔