واشنگٹن : امریکہ کے محکمۂ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس کا کہنا ہے کہ طالبان کے ساتھ بات چیت جاری رکھنا سب کے مفاد میں ہے۔واشنگٹن میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے امریکا کے محکمۂ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے کہا کہ طالبان سے وعدوں پر عمل ہوتے ہوئے دیکھنا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ افغان حکومت کے ساتھ تعلقات کے لیے معاملات کا جائزہ لے رہے ہیں، افغانستان میں 20 سال سے حاصل ہونے والے مفادات ضائع نہیں ہونے چاہئیں۔نیڈ پرائس کا کہنا ہے کہ طالبان کے ساتھ رابطے میں ہیں اور افغان عوام کی مدد جاری رکھیں گے، تمام ممالک اس بات پر متفق ہیں کہ وہ سب کرنا چاہتے ہیں جو کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ انسانی بحران سے بچنے کے لیے بات چیت جاری رکھنا ہو گی، افغان بینک کے منجمد 10 ارب ڈالر کا معاملہ فیڈرل ریزرو دیکھ رہا ہے۔ترجمان امریکی محکمۂ خارجہ نے کہا کہ زلمے خلیل زاد کی طالبان سے بات چیت جاری ہے، کابل ایئر پورٹ سے امریکی و دیگر شہریوں کی روانگی میں طالبان کے تعاون کو سراہتے ہیں۔