کابل:افغانستان میں طالبان کے حامیوں نے امریکہ، برطانیہ، فرانس، اور نیٹو کے جھنڈوں سے لپٹے علامتی تابوتوں کا فرضی جنازہ نکالا۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق افغانستان کے شہر خوست میں طالبان کے پرچم لہراتے بندوق بردار ہجوم نے نیٹو اور غیر ملکی افواج کا فرضی جنازہ نکالا۔ طالبان کے حامیوں نے امریکا، برطانیہ، فرانس اور نیٹو کے جھنڈوں سے لپٹے تابوتوں کو کندھوں پر اُٹھا کر جلوس نکالا اور فرضی طور پر آخری رسومات ادا کیں۔جلوس سے خطاب کرتے ہوئے مقامی طالبان اہلکار قاری سعید خوستی نے کہا کہ 31 اگست ہمارا رسمی یوم آزادی ہے۔ اس دن امریکی قابض افواج اور نیٹو افواج ملک چھوڑ کر بھاگ گئیں اور ہم ان کی آخری رسومات ادا کر رہے ہیں۔ اس موقع پر طالبان کے حامیوں نے شدید نعرے بازی اور ہوائی فائرنگ بھی کی۔