لاہور: عمران خان کی گرفتاری، رینجرز کی بھاری نفری زمان پارک کے باہر پہنچ گئی
گزشتہ روز سے لاہور میں چیئرمین پی ٹی آئی، سابق وزیرِ اعظم عمران خان کی گرفتاری کی کوششیں جاری ہیں، اس وقت رینجرز کی بھاری نفری زمان پارک کے باہر پہنچ گئی۔
پولیس نے صبح سویرے 3 اطراف دھرم پورہ، مال روڈ اور سُندر داس روڈ سے زمان پارک کی جانب پیش قدمی کی، گیٹ نمبر 1 پر پہنچی تاہم پی ٹی آئی کارکنوں کے پتھراؤ اور حملوں کے بعد پولیس پیچھے ہٹنے پر مجبور ہو گئی۔
مظاہرین نے پولیس کی واٹر کینن جلا دی، پولیس کی گاڑی کو نقصان پہنچایا، ٹریفک وارڈنز کی موٹر سائیکلیں جلا دیں۔
ریسکیو 1122 کا فائر ٹینڈر آگ بجھانے پہنچا تو کارکنوں نے اسے بھی آگ لگا دی۔
پولیس نے جوابی ایکشن کرتے ہوئے پی ٹی آئی کارکنوں پر لاٹھی چارج کیا، پانی کی توپ سے دھلائی کی۔
پی ٹی آئی کے ڈنڈا بردار کارکنوں نے پتھراؤ کیا، غلیلیں چلائیں، ڈنڈے برسائے۔
پتھراؤ سے DIG اسلام آباد و دیگر اہلکار زخمی
پتھراؤ سے ڈی آئی جی اسلام آباد شہزاد بخاری، ایس پی عمارہ شیرازی، ڈی پی او شیخو پورہ سمیت 33 پولیس اہل کار اور ایک شہری زخمی ہوا۔
پولیس نے شیلنگ کی جس کے دوران کچھ شیل عمران خان کے گھر کے اندر بھی گرے۔
پی ٹی آئی کے کارکنوں نے مال روڈپر توڑ پھوڑ کی، فینسی لائٹیں توڑ دیں، جنگلے اکھاڑ دیے، فٹ پاتھ پر لگی ٹف ٹائلیں توڑ کر پولیس پر پتھراؤ کیا، جھڑپوں کے بعد مال روڈ کلیئر کرا دیا گیا۔
پولیس کی جانب سے پی ٹی آئی کے 15 سے زائد کارکنان گرفتار کر لیے گئے۔