نورسلطان: قازقستان کے فوجی اڈے پر پے در پے ہونے والے 10 خوف ناک دھماکوں میں 9 اہل کار ہلاک اور 60 زخمی ہوگئے۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق قازقستان کے جنوبی علاقے میں واقع فوجی اڈہ 10 خوف ناک دھماکوں سے گونج اُٹھا۔ دھماکوں کے ساتھ ہی فوجی اڈے میں خوف ناک آگ بھڑک اُٹھی اور فضا میں دھوئیں کے سیاہ بادل چھا گئے۔قازقستان کی فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ دھماکے میں 9 فوجی اہل کار ہلاک اور 60 سے زائد زخمی ہوگئے، یہ واضح نہیں ہوسکا کہ دھماکوں کی وجہ کیا تھی؟ تاہم دھماکے اس جگہ ہوئے جہاں انجینیئرنگ کے شعبے میں کام آنے والا دھماکا خیز مواد ذخیرہ کیا گیا تھا۔دھماکوں کے بعد آس پاس کا علاقہ خالی کرالیا گیا جب کہ ہلاک اور زخمی ہونے والوں کو ملٹری اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں 9 زخمیوں کی حالت تشویش ناک ہے جس کے سبب ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔قازقستان کے وزارت دفاع کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ فوجی اڈے پر ہونے والے دھماکوں میں دہشت گردی کے عنصر کے ملوث ہونے کے شواہد نہیں ملے، واقعے کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔