لگتا ہے چار سال سے اقتدار کا جو روزہ رکھا ہوا ہے اب وہ کھولنے کا وقت آگیا ہے” چوہدری نثار علی خان نے خاموشی توڑ دی

eAwazاردو خبریں

سابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے چار سال بعد خاموشی توڑ دی۔ نجی ٹی وی اے آر وائی نیوز کے مطابق اپنے حلقے میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری نثار نے کہا کہ بڑے عہدوں کی جتنی آفرز انہیں ہوتی ہیں اتنی کسی کو نہیں ہوتیں لیکن انہوں نے چار سال سے اقتدار کا روزہ رکھا ہوا ہے، اب لگ رہا ہے کہ وہ بہت جلد اپنے حلقے کے عوام کے ساتھ اقتدار کا روزہ کھولیں گے۔انہوں نے کہا کہ لوگ تو اقتدار کیلئے جوتیاں اٹھانے کو تیار ہوتے ہیں لیکن انہوں نے نہ کبھی ضمیر کا سودا کیا ہے اور نہ کوئی انہیں دو نمبر کہے گا۔

خیال رہے کہ چوہدری نثار علی خان نے سنہ 2018 کے الیکشن سے قبل مسلم لیگ ن سے علیحدگی اختیار کرلی تھی۔ انہوں نے عام انتخابات میں آزاد امیدوار کی حیثیت سے حصہ لیا اور رکنِ پنجاب اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔ انہوں نے تین سال تک اپنی اسمبلی رکنیت کا حلف نہیں اٹھایا تھا تاہم گزشتہ سال مئی میں انہیں اس وقت حلف اٹھانا پڑ گیا تھا جب حکومت نے کسی رکن کے حلف نہ اٹھانے پر اس کی نشست خالی ہونے کا آرڈیننس جاری کرنے کا اعلان کیا تھا۔