مریض کے پیٹ سے ایک کلوگرام کیل اور پیچ برآمد

eAwazاردو خبریں, ورلڈ

ولنیئس:یورپی ملک لیتھوانیا میں ڈاکٹروں نے ایک مریض کے پیٹ سے حیران کن طور پر ایک کلوگرام سے زائد وزنی کیل اور پیچ نکال لیے۔ نجی ٹی وی چینل 24نیوز کے مطابق اس مریض کا نام مخفی رکھا جا رہا ہے جو شراب نوشی کی لت میں مبتلا تھا۔ دو ماہ قبل اس نے اس لت سے چھٹکارا حاصل کیا مگر شراب چھوڑنے کے بعد اسے دھاتی اشیانگلنے کی عادت پڑ گئی۔

لیتھوانیا کے شہر کلائیپیڈا کے رہائشی اس شخص کو پیٹ میں شدید تکلیف کی شکایت پر ہسپتال لایا گیا تھا جہاں ڈاکٹروں نے سکین کیے تو اس کے جسم میں اتنی مقدار میں کیل اور پیچ وغیرہ دیکھ کر دنگ رہ گئے۔ اس کا آپریشن کرنے والے سرجن ساروناس ڈیلیڈینس نے بتایا کہ مریض کا آپریشن تین گھنٹے طویل رہا، جس میں اس کے پیٹ سے کیل، پیچ اور دیگر دھاتی اشیانکال دی گئیں۔

ہسپتال کے ہیڈ سرجن الگریڈاس سلیپیویکیس کا کہنا تھا کہ میں نے اپنے پورے کیریئر میں ایسا کیس پہلے کبھی نہیں دیکھا۔ اس آدمی کو ایک ماہ قبل ہی دھاتی اشیانگلنے کی لت پڑی تھی۔ اب اس کی حالت مستحکم ہے اور وہ روبہ صحت ہے۔