لاہور: مسجد وزیر خان میں شوٹنگ اور ویڈیو بنانے کے معاملے پر اداکارہ صبا قمر اور بلال سعید پر فرد جرم عائد کے لیے تاریخ مقرر کردی گئی۔لاہور کے ضلع کچہری میں مسجد وزیر خان میں شوٹنگ اور ویڈیو بنانے کے معاملے پر اداکارہ صبا قمر اور بلال سعید کے کیس کی سماعت ہوئی، جو ڈیشل مجسٹریٹ نے کیس پر سماعت کی۔عدالت میں اداکارہ صبا قمر اور بلال سعید نے اپنے وکیل بیرسٹر حامد لغاری کے ہمراہ علی الصبح پیش ہو کر حاضری مکمل کرائی۔ اس موقع پر اداکارہ صبا قمر برقع پہنے عدالت آئیں۔ پراسیکیوٹر کی جانب سے عدالت میں چالان جمع کرا دیا گیا۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر ملزمان کو چالان کی نقول فراہم کرنے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی سماعت 14 اکتوبر تک ملتوی کردی۔
تفتیشی رپورٹ کے مطابق اداکارہ صبا قمر اور بلال سعید پر مسجد وزیر خان میں ڈانس کرنے کا الزام عائد ہے۔ پراسیکیوٹر نے تفتیشی رپورٹ میں کہا ہے اداکارہ صبا قمر نے مسجد وزیر خان میں فلم کا سین عکس بند کرایا تھا۔ انہوں نے نکاح کے سیشن میں مسجد میں رقص کیا تھا اور دونوں ملزمان نے فلم کی شوٹنگ کے دوران مسجد کا تقدس پامال کیا۔
۔ ویڈیو پر سماجی اور مذہبی حلقوں سمیت سوشل میڈیا پر اس کی بھرپور مذمت کی گئی تھی۔ مسجد وزیر خان کے تقدس کی پامالی کرنے پر اداکارہ اور گلوکار کے خلاف فرحت منظور خان کی مدعیت میں لاہور کے اکبری تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔