کابل: طالبان کے افغانستان فتح کرنے کے باوجود ابھی تک امیر ہیبت اللہ اخوند زادہ منظر عام پر نہیں آئے ہیں اس لیے مختلف افواہیں زور پکڑنے لگی ہیں۔ تاہم اب ترجمان طالبان ذبیح اللہ مجاہد نے امیر ہیبت اللہ اخوندزادہ سے متعلق اہم معلومات میڈیا کو فراہم کردی ہیں۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ملا ہیبت اللہ اخوندزادہ نے طالبان کی کمان 2016 میں سنبھالی تھی جب ملا اختر محمد منصور امریکی ڈرون حملے میں ایران سے پاکستان داخل ہونے کے دوران جان کی بازی ہار گئے تھے۔ درس و تدریس سے منسلک ملا ہیبت اللہ بانی طالبان ملا عمر کی طرح منظر عام پر آنا پسند نہیں کرتے، یہی وجہ ہے کہ افغانستان کی فتح کے بعد بھی وہ میڈیا کے سامنے نہیں آئے ہیں۔ترجمان طالبان ذبیح اللہ مجاہد اس افواہ کو کئی بار مسترد کرچکے ہیں لیکن اب انھوں نے واشگاف الفاظ میں کہا ہے کہ امیر طالبان ملا ہیبت اللہ اخوندزادہ شروع دن سے ہی قندھار ہی میں موجود ہیں اور حکومت سازی کی سربراہی کر رہے ہیں اور وہ بہت جلد منظر عام پر آئیں گے۔