کوپن ہیگن:گزشتہ روز ڈنمارک کے ایک نیلام گھر سے 1970 کی ایک آڈیو کیسٹ 58,240 ڈالر (تقریباً ایک کروڑ پاکستانی روپے) میں نیلام ہوئی۔اس کیسٹ میں مشہور برطانوی گلوکار اور پاپ بینڈ ’’بِیٹل‘‘ کے بانی، جان لینن اور اس کی بیوی کا انٹرویو ریکارڈ ہے جو 5 جنوری 1970 کو ڈنمارک کے چند نوجوانوں نے لیا تھا۔33 منٹ کی اس آڈیو ریکارڈنگ میں لینن اور اس کی بیوی یوکو اونو نے اپنے دورہ ڈنمارک اور عالمی امن کے بارے میں بات کی تھی۔اس انٹرویو کے اختتام پر لینن نے اپنے دو گانے ’گیو پیس اے چانس‘ (امن کو ایک موقع دو) اور ’ریڈیو پیس‘ (امن کا ریڈیو) بھی سنائے تھے جو اس نے 1969 میں ہالینڈ کے ایک ریڈیو اسٹیشن کےلیے ترتیب دیئے تھے؛
لیکن یہ گانے کبھی نشر نہیں ہوئے تھے۔واضح رہے کہ 1970 کی دہائی میں امریکا اور سابق سوویت یونین میں سرد جنگ عروج پر تھی جبکہ اُن دنوں ویتنام پر امریکی لشکر کشی کو بھی پانچ سال مکمل ہورہے تھے۔کوپن ہیگن کے ’برون راسمیوسن آکشنیئر‘ میں نیلامی کےلیے اس کیسٹ کے ساتھ اسکول نیوزپیپر کا ایک تراشہ اور 29 تصویریں بھی رکھی گئی تھیں۔
یہ کیسٹ کارسٹن ہوئیجن کی ملکیت ہے جو لینن کا انٹرویو کرنے والے نوجوان طالب علموں کی ٹیم میں شامل تھے۔اس انٹرویو کی ریکارڈنگ کےلیے ہوئیجن نے ایک مقامی ہائی فائی شاپ سے ٹیپ ریکارڈر کرائے پر لیا تھا۔ ہوئیجن آج 65 سال سے زیادہ عمر کے ہوچکے ہیں۔نیلامی سے پہلے اندازہ تھا کہ یہ کیسٹ تقریباً 47,000 ڈالر تک میں نیلام ہوجائے گی لیکن ایک نامعلوم غیر ملکی نے 58,000 ڈالر سے بھی زیادہ کی بولی لگا کر یہ کیسٹ خرید لی۔