پہلا ون ڈے: آسٹریلیا کی پاکستان کو 2 وکٹوں سے شکست

eAwazاردو خبریں

پہلے ون ڈے میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو 2 وکٹوں سے شکست دے دی۔

میلبرن میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

آسٹریلیا نے 204 رنز کا ہدف 34 ویں اوور میں 8 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

آسٹریلوی ٹیم کی جانب سے جوش انگلیس 49 اور اسٹیو اسمتھ 44 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ کپتان پیٹ کمنز نے 32 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔

پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے 3، شاہین شاہ آفریدی نے 2 جبکہ نسیم شاہ اور محمد حسنین نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 203 رنز بنائے تھے اور میزبان آسٹریلیا کو جیت کے لیے 204 رنز کا ہدف دیا تھا۔

پاکستان کی پہلی وکٹ 3 رنز پر گری تھی جب مچل اسٹارک نے صائم ایوب کو 1 رن پر پویلین روانہ کیا تھا جبکہ قومی ٹیم کی دوسری وکٹ 24 رنز پر گری۔

عبداللّٰہ شفیق 12 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، ان کو بھی مچل اسٹارک نے آؤٹ کیا۔

قومی ٹیم کی تیسری وکٹ 63 رنز پر گری جب بابر اعظم 37 رنز بنا کر ایڈم زمپا کی گیند پر آؤٹ ہوئے، پاکستان کے چوتھے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی کامران غلام تھے، وہ بھی صرف 5 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، انہیں آسٹریلوی ٹیم کے کپتان پیٹ کمنز نے آؤٹ کیا۔

پاکستان کی پانچویں وکٹ 101 رنز پر گری جب نائب کپتان سلمان علی 12 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ چھٹی وکٹ 117 رنز پر گری، جب کپتان محمد رضوان 44 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

قومی ٹیم کی ساتویں وکٹ 148 رنز پر شاہین شاہ آفریدی کی صورت میں گری، وہ 24 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے جبکہ پاکستان کی آٹھویں وکٹ 175 رنز پر گری، جب عرفان خان 22 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کی نویں وکٹ 183 اور دسویں وکٹ 203 رنز پر گری، حارث رؤف بغیر کوئی رن بنائے جبکہ نسیم شاہ 40 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

آسٹریلیا کی جانب سے مچل اسٹارک نے 3، پیٹ کمنز اور ایڈم زمپا نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ شان ایبٹ اور مارنس لیبوشین نے 1، 1 وکٹ حاصل کی۔

پاکستانی ٹیم ایک سال بعد ون ڈے انٹر نیشنل کھیل رہی ہے، گرین شرٹس نے کینگروز پر پوری طاقت سے حملہ آور ہونے کے لیے 4 فاسٹ بولروں شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ، حارث رؤف اور محمد حسنین کے ساتھ میدان میں اترنے کا فیصلہ کیا ہے۔