شیامین:چینی صوبے فوجیان کے 3 شہروں میں کورونا کے ڈیلٹا ویرئینٹ کا پھیلاؤ بڑھ گیا، 36 بچوں سمیت 100 سے زائد افراد اب تک اس وائرس کا شکار ہوچکے ہیں۔الجزیرہ کے مطابق چین کے شہروں پتیان اور شیامین میں بچوں سمیت 100 سو سے زائد افراد میں ڈیلٹا وائرس کی موجودگی کے بعد پڑے پیمانے پر ٹیسٹنگ کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
چین کے نیشنل ہیلتھ کمیشن کے مطابق قیاس کیا جا رہا ہے کہ ان شہروں میں کورونا ڈیلٹا ویرئنٹ کے پھیلاؤ کا آغازجنوب مشرقی شہر پتیان کے ایک پرائمری اسکول سے ہوا، جس کے بعد حکام نے وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے اہم اقدامات کرتے ہوئے اسکولوں کو بند کرتے ہوئے سفری پابندیاں عائد کردی ہیں۔اس بارے میں حکام کا کہنا ہے کہ فوجیان صوبے کے 32 لاکھ آبادی والے شہر پتیان کے تمام شہریوں کو ٹیسٹ کروانے کی ہدایات جاری کردیں گئیں ہیں، شہر میں ڈیلٹا وائرس کے کیسز کا تعلق سنگاپور سے واپس آنے والے شخص سے جوڑا جا رہا ہے جس کی وجہ سے اب تک 100 سے زائد افراد ڈیلٹا وائرس کا نشانہ بن چکے ہیں۔نینشل ہیلتھ کمیشن کے مطابق گزشتہ روز مقامی طور پر منتقل ہونے والے 59 نئے کیس رپورٹ کیے گئے ہیں، جب کہ صرف 4 دنوں میں فوجیان کے 3 شہروں بشمول شیامین مجموعی طور پر 102 کیسز سامنے آچکے ہیں۔حکام کا کہنا ہے کہ ممکنہ طور پراس وبا کے پھیلنے کا سبب پتاؤ پرائمری اسکول میں پڑھنے والے بچے کے والدین سے ہے، جنہوں نے گزشتہ ماہ سنگاپور سے واپس آکر کورونا کے متعدد ٹیسٹ اورقرنطینہ کی مدت بھی پوری کی تھی۔ تاہم بعد میں ان میں کورونا کی علامات سامنے آئیں۔
گزشتہ ہفتے اسکول میں نیا سال شروع ہونے کے بعد مذکورہ فرد کے 12 سالہ بیٹے اور اس کے ہم جماعت ڈیلٹا ویرئینٹ کا شکار ہونے والے پہلے مریضوں میں شامل تھے۔ ان بچوں سے یہ ویرئینٹ پوری کلاس میں پھیل گیا اور 36 سے زائد بچے اس وائرس میں مبتلا ہوگئے۔ یہ کورونا وبا کے بعد سے کسی اسکول میں پھیلنے والی سب سے بڑی تعداد ہے۔سرکاری اخبار گلوبل ٹائمز کے مطابق اسکول میں پھیلنے والی اس وبا نے 12 سال سے کم عمر بچوں میں ویکسی نیشن کرانے اور قرنطینہ کی مدت پر سوالات پیدا کر دیے ہیں۔ جب کہ محکمئہ صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ اب یہ وبا جنوب سے شیامین تک پھیل چکی ہے اور رواں ماہ مقامی پھیلاؤ کے 32 نئے کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں، جس میں سے 13 کیسز صرف ایک ہی دن میں رپورٹ ہوئے ہیں۔ اس شہر کے پہلے مریض کا تعلق پتیان سے تعلق رکھنے والے کسی ایسے فرد سے تھا جس میں کووڈ 19 کی تشخیص ہوئی تھی۔حکام نے مزید بتایا کہ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد شیامین کے کچھ علاقوں میں لاک ڈاؤن لگا دیا گیا ہے اور اسکولوں کو آن لائن کلاسز منعقد کرنے کے ساتھ ساتھ جمز، ریستو ران اور سینیماؤں کو بند کرنے کے احکامات جاری کردیے گئے ہیں جب کہ شہریوں کو کورنا وائرس کے ٹیسٹ کروانے کے ساتھ ساتھ شہر نہ چھوڑنے کی ہدایات بھی دی گئیں ہیں۔