بیجنگ: چین نے امریکا، آسٹریلیا اور برطانیہ کے سکیورٹی سے متعلق نئے تاریخی معاہدے کی مذمت کرتے ہوئے اسے ’انتہائی غیر ذمہ دارانہ‘ فعل قرار دیا ہے۔چینی وزارت خارجہ کے ترجمان ژاؤ لیجِیان کا کہنا ہے کہ یہ معاہدہ علاقائی امن اور استحکام کو بری طرح متاثر کرے گا اور اس سے اسلحے کی دوڑ میں شدت آ جائے گی۔برطانوی میڈیا کے مطابق برطانیہ، امریکا اور آسٹریلیا نے ایشیا پیسیفِک میں سکیورٹی کے ایک تاریخی معاہدے کا اعلان کیا ہے جس کا مقصد اس خطے میں چین کا مقابلہ کرنا ہے۔ اس معاہدے کے تحت آسٹریلیا پہلی مرتبہ جوہری ایندھن سے لیس آبدوزیں بنائے گا جس کے لیے ٹیکنالوجی امریکا فراہم کرے گا۔برطانوی میڈیا کے مطابق اس معاہدے کو ’آکوس‘ کا نام دیا گیا ہے جو دراصل آسٹریلیا، برطانیہ اور امریکا کے ناموں کے حروف تہجی (اے، یو کے، یو ایس) پر مشتمل ہے۔