کے-الیکٹرک کو بجلی کی قیمت 12.68 روپے فی یونٹ بڑھانے کی اجازت

eAwazاردو خبریں

نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے کے الیکٹرک کے مالی سال 22-2021 کی چوتھی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کے نرخوں میں 12 روپے 68 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دے دی۔

رپورٹ کے مطابق حکومت کی یکساں ٹیرف پالیسی کی وجہ سے اس فیصلے سے کراچی کے صارفین کے متاثر ہونے کا امکان نہیں ہے کیونکہ اس پالیسی کے تحت کے الیکٹرک سمیت تمام ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کے صارفین کے لیے ملک بھر میں بجلی کے یکساں نرخ لاگو ہوتے ہیں۔

تاہم تمام ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کے لیے یکساں شرح برقرار رکھنے کے لیے بجٹ سے ادا کی جانے والی متفرق ٹیرف سبسڈیز کے سبب وفاقی حکومت کو اضافی مالی نقصان کا خدشہ ہے۔

نیپرا کی جانب سے بیان میں کہا گیا کہ حکومت پورے ملک میں یکساں ٹیرف برقرار رکھتی ہے اور عام طور پر سبسڈی کے ذریعے فرق کو ایڈجسٹ کیا جاتا ہے‘۔

کے الیکٹرک نے مالی سال 22-2021 کی چوتھی سہ ماہی (اپریل تا جون) کے لیے نرخوں میں 14 روپے 85 پیسے فی یونٹ اضافے کا مطالبہ کیا تھا لیکن بعد میں اسے کم کر کے 14 روپے 53 پیسے فی یونٹ کر دیا گیا۔