کابل:کابل میں اسلامی امارت افغانستان کی طالبان کے تحت حکومت کی تشکیل کا عمل خاموشی سے جاری ہے۔ طالبان نے اپنے امیر 61؍ سالہ ہیبت اللہ اخوندزادہ کو سربراہ مملکت بنانے کا فیصلہ کرلیاہے۔ اسلام آباد میں افغان اور پاکستانی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ شیخ الحدیث ہیبت ﷲ اخوندزادہ سربراہ مملکت اور افغان فوج کے کمانڈر انچیف بھی ہوں گے۔ہیبت ﷲ کے تین نائبین ملا عبدالغنی برادر، ملا یعقوب (ملا عمر کے بیٹے) اور سراج الدین حقانی (جلال الدین حقانی کے بیٹے) نئی حکومت میں کلیدی کردار کے حامل ہیں۔ وزارت خزانہ اور وزارت دفاع کے لئے چنائو پر کچھ اختلافات رائے ہے۔ گل آغا کو پہلے ہی وزیر خزانہ مقرر کیا جاچکا ہے وزارت دفاع کے لئے ملا یعقوب کو ملا ذاکر پر فوقیت حاصل ہے۔ صدر ابراہیم کو وزیر داخلہ مقرر کیا گیا ہے۔ شیر محمد عباسی ستانگزئی کو وزیر خا رجہ مقرر کیا گیا ہے۔ طالبان حکومت کے قیام کا اعلان جمعرات تک متوقع ہے۔