ابو ظہبی : متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں ابو ظبی ایئر پورٹ پر حوثی باغیوں کے حملے کے بعد برینٹ خام تیل 7 سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔ٹریڈنگ کے دوران برینٹ خام تیل 87 ڈالر فی بیرل سے اوپر چلا گیا، جس کی 87 ڈالر فی بیرل سے زائد قیمت اکتوبر 2014ء میں تھی۔
تجزیہ کاروں کے مطابق تیل کی سپلائی میں خلل اور طلب میں اضافہ پہلے ہی قیمت بڑھانے کا سبب بن رہا ہے۔واضح رہے کہ یمن میں جاری جنگ متحدہ عرب امارات تک پہنچ گئی، ابوظبی پر حوثی باغیوں کے مشتبہ ڈرون حملے کے نتیجے میں تیل کے پیٹرول ٹینکس پھٹنے سے ہونے والے دھماکوں میں 1 پاکستانی شہری سمیت 3 افراد جاں بحق ہو گئے۔
مرنے والے دیگر 2 بھارتی شہری تھے جبکہ دھماکوں میں 6 افراد معمولی زخمی بھی ہوئے ہیں۔ادھر یمنی حوثی باغیوں نے حملے کی ذمے داری قبول کرتے ہوئے متحدہ عرب امارات میں فوجی آپریشن کا اعلان کر دیا ہے۔