اسلام آباد نیوز : عالمی وبا کورونا وائرس کے دوران بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی مقبولیت میں بڑی کمی دیکھنےمیں آئی ہے ۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق حال ہی میں کیے جانے والے سروے سے یہ بات معلوم ہوئی ہے کہ کورونا وائرس پر ٹھیک سے قابو نہ پانے کی وجہ سے گزشتہ ایک سال کے دوران بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی مقبولیت 66 فیصد سے کم ہو کر 24 فیصد پر آ گئی ہے۔بھارتی خبر رساں ادارے کی جانب سے جاری کی گئی سروے رپورٹ میں بتایا گیا کہ کورونا وائرس کی پہلی لہر پر قابو پانے کی وجہ سے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی مقبولیت، اضافے کے بعد 73 فیصد پر آگئی تھی لیکن چونکہ کورونا کی دوسری لہر پر بھارت قابو پانے میں ناکام رہا تھا تو نریندر مودی کی مقبولیت میں 49 فیصد تک کمی دیکھنے کو ملی۔سروے رپورٹ میں بتایا گیا کہ 27 فیصد افراد نے انتخابی ریلیوں اور سیاسی جلسوں کو کورونا وائرس کی دوسری لہر کی وجہ ٹھہرایا تو وہیں 26 فیصد افراد کا کہنا تھا کہ کورونا کی دوسری لہر میں لاپرواہی دیکھنے کو ملی اور وائرس کی شدت نظر انداز کی گئی۔71 فیصد افراد نے کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے ہونے والی اموات کی تعداد زیادہ ہے جبکہ حکومت نے کم اعداد و شمار بتائے، اس کے علاوہ 44 فیصد افراد نے کورونا کے پھیلاؤ کا ذمہ دار ریاستی حکومتوں کو ٹھہرایا۔سروے رپورٹ کے مطابق 29 فیصد افراد نے کہا کہ ملک میں بڑھتی مہنگائی بھی نریندر مودی کی مقبولیت میں کمی کی وجہ ہے جبکہ 23 فیصد افراد نے غربت اور بےروزگاری کو مودی سرکار کی ناکامی کی وجہ قرار دیا۔