مری میں بارش اور برف باری کی پیشگوئی، انتظامیہ نے ٹریول ایڈوائزری جاری کر دی۔

eAwazدلچسپ و عجیب

محکمہ موسمیات نے مری میں آئندہ چند روز میں بارش اور برفباری کی پیش گوئی کرتے ہوئے مقامی انتظامیہ کو الرٹ کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق مری، گلیات اور گردونواح میں بارشوں اور برفباری کا سلسلہ 6 جنوری تک جاری رہنے کا امکان ہے۔
ضلعی انتظامیہ مری نے ٹورسٹ ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے سیاحوں اور مسافروں سے کہا ہے کہ وہ سفر کے دوران محتاط رہیں اور موسمی حالات کے مطابق اپنے سفری پروگراموں کی منصوبہ بندی کریں۔ ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ مقامی لوگوں اور سیاحوں کو مری جانے سے پہلے الیکٹرانک، پرنٹ اور سوشل میڈیا سے موسم کی صورتحال کے بارے میں معلومات حاصل کرنی چاہئیں۔
ڈپٹی کمشنر مری آغا ظہیر عباس شیرازی نے جمعرات کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مری میں سیاحوں کی رہنمائی کے لیے 13 مقامات پر سروس سینٹرز قائم کیے گئے ہیں۔
انہوں نے سیاحوں پر زور دیا کہ وہ ضلعی انتظامیہ کی طرف سے جاری کردہ ایڈوائزری پر عمل کریں۔